عقیدہ ناموس رسالت و ختم نبوت ایمان کاحصہ ہے ،علمائے کرام
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) جمعیت اشاعت التوحید والسنہ کے زیر اہتمام مشن رسالت و تحفظ ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، کانفرنس میں ناظم اعلی مولانا سید ضیاء اﷲ شاہ بخاری۔۔۔
صوبائی نائب امیر علامہ عطاء اﷲ بندیالوی، مولانا محمد اشرف، مذہبی سکالر مفتی ڈاکٹر خلیق الرحمن، انٹرنیشنل ختم نبوت موؤمنٹ کے قاری احمد علی ندیم، مولانا عبدالخالق، قاری عصمت اﷲ، ولی الرحمن ، قاری محمد بلال اور دیگر نے شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ناموس رسالت و ختم نبوت ایمان کاحصہ اور توحید وسنت کے بغیر نا مکمل ہے ، جس کے دفاع کے لئے مسلمان کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، کیونکہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ آپؐ کی شفاعت اور قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے ، امت مسلمہ نے کسی بھی دور میں جھوٹے مدعی نبوت کو کامیاب نہیں ہونے دیا، خدام ختم نبوت نے قادیانیوں کو ہر محاذ پرآئینی و قانونی شکست سے دوچار کیا ہے ، علماء تحفظ ناموس رسالت قانون اورامتناع قادیانیت آرڈیننس کا تحفظ کر رہے ہیں ، علماء افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، آخر میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس کی آزادی اور پاکستان و امت مسلمہ کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔