یونیورسٹی آف سرگودھا میں خون کے عطیات کیلئے کیمپ کا انعقاد
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )یونیورسٹی آف سرگودھا میں خون کے عطیات کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔
جس کا مقصد خون کی خرابی کی بیماری میں مبتلا تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون کے عطیات کو یقینی بنانا تھا، بلڈ ڈونیشن سوسائٹی یونیورسٹی آف سرگودھا اور ہلال احمر تھیلیسمیا ہیموفیلیا بلڈ سنٹرکے زیر اہتمام منعقدہ بلڈ ڈونیشن اور بلڈ سکریننگ کیمپ کا افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا اور خون عطیہ کرنے کے اس عمل کو معاشرے کی فلاح کیلئے ایک اہم قدم قرار دیا، وائس چانسلر نے خون کے عطیات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون کی فراہمی زندگی اور امید کا پیغام ہے ، انہوں نے طلبہ، فیکلٹی و سٹاف ممبران کو اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی اور کہا کہ خون کا عطیہ دینا ایک عظیم انسانی خدمت ہے جس سے تھیلسمیا کے مریضوں کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈائریکٹر امپلی مینٹیشن ڈاکٹر ریحانہ الیاس، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن سمیت مختلف تعلیمی و تدریسی شعبہ جات کے صدور بھی موجود تھے ۔