تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں ، ٹیکسوں میں اضافہ ، جائیدادوں کی خرید و فروخت ٹھپ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) حکومت کی جانب سے ٹیکسوں اورتعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کے باعث سرگودھا سمیت ریجن بھر میں جائیداد وں کی خرید و فروخت کا عمل متاثر ہونے سے جہاں رئیل اسٹیٹ کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہو رہا ہے۔۔۔
وہاں پراپرٹیز کے لین دین کی کمی کے باعث قومی خزانے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ،ایک مرتبہ پھر روپے کی گرتی ہوئی قدر اور جائیداد کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے سرگودھا میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ، جس کی وجہ سے حکومت کو کروڑوں روپے کے یومیہ کے بنیاد پر جمع ہونے والے ٹیکس بھی اب نہ ہونے کے برابر جمع ہو رہے ہیں، قبل ازیں یومیہ کی بنیاد پر جہاں 50 سے 80رجسٹریاں ہوتی تھیں، اب کی تعداد 20 سے 30 تک رہ گئی ہے ، اور یہ وہ جائیدادیں ہیں جن کی مالیت بھی زیادہ نہیں ہے بڑے سودے نہ ہونے سے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے ، رئیل اسٹیٹ سے وابستہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ رئیل اسٹیٹ پر اس وقت برا وقت چل رہا ہے سریا’ سیمنٹ’ ریت’ بجری اور اینٹیں وغیرہ مہنگی ہونے کے ساتھ ساتھ جائیداد کی خرید و فروخت بھی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے لوگ جہاں پریشان ہیں وہاں پر حکومتی خزانے کو بھی نقصان کا سامنا ہے ۔ جس سے لوگوں کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔