ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں ادویات کی قلت
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا)ضلع خوشاب میں محکمہ صحت کی زیر نگرانی چلنے والے سب سے بڑے ادارہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں ادویات کی قلت بحران کی شکل اختیار کر گئی ۔
شعبہ ایمرجنسی میں زخمیوں کی مرہم پٹی کیلئے پولی فیکس، کریب بینڈیج تک دستیاب نہیں اور مریض ادویات بازار سے خریدنے پر مجبور ہیں،ایکسرے ڈیپارٹمنٹ میں ایکسرے فلمیں ناپید ہونے باعث ایکسرے کا پرنٹ سفید کاغذ پر دیا جا رہا ہے یہ صورتحال محکمہ صحت پنجاب اور ہسپتال انتظامیہ کی کارکرد گی پر سوالیہ نشان ہے ، شہریوں کے مطابق ہسپتال کی انتظامیہ موجودہ صورتحال کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے کی بجائے اپنی تمام توانائیاں حال ہی میں قائم ہونیوالے اپنے نو زائیدہ ہسپتال کی کارکردگی میں نکھار پیدا کرنے پر مرکوز کئے ہوئے ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ ضلع خوشاب کا سب سے بڑا ہسپتال ہے یہاں دور دارزکے علاقوں کے لوگ کرائے کی مد میں سینکڑوں خرچ کر کے علاج کیلئے آتے ہیں جس کے جواب میں انہیں بازار کی چٹ پکڑا دی جاتی ہے جو غریب مریضوں کی محرومیوں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے ، انہوں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈپٹی کمشنر خوشاب سے استدعا کی و ہسپتال انتظامیہ کی ارسال کردہ رپورٹوں پر انحصار کرنے کی بجائے وہ خود ہسپتال کی صورتحال کا جائزہ لیں اور ہسپتال کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔