جعلی ای اشٹام پیپرز کی فروخت،خزانے کو نقصان

جعلی ای اشٹام پیپرز کی فروخت،خزانے کو نقصان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کے باعث سرگودھا میں ای اشٹام پیپرزکے حوالے سے بڑھتی ہوئی شکایات باعث تشویش بننے لگیں اور۔

حکومت کی بار بار ہدایات کے باوجود جعلی ای اشٹام پیپرز کی روک تھام بھی ممکن نہ بنائی جا سکی جس سے سائلین کی ایک بڑی تعداد خوار ہونے کے ساتھ ساتھ حکومتی خزانے کو بدستور خطیر نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، ذرائع کے مطابق سابقہ حکومت نے ای اشٹام پیپرز کے اجرا کا منصوبہ شروع کیا تھا جس پر مناسب چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث یہ منصوبہ اب درد سر بن کر رہ گیا ہے ، ای اشٹام پیپرز کے اجرا کی آڑ میں پچاس، سو اور پانچ سو مالیت تک کے اسٹام پیپرز مہنگے داموں فروخت کئے جا رہے ہیں، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چیف انسپکٹر آف اسٹیمپ پنجاب کی جانب سے متعدد مرتبہ اس حوالے سے ایکشن لینے اور انتظامیہ کو مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں مگر صورتحال بدستور جوں کی توں ہے اور سائلین منافع خوروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اسٹام پیپرز کے کاروبار سے منسلک افراد اور متعلقہ بینکوں کی برانچز صورتحال کی ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کرنے میں مصروف ہیں جبکہ سائلین کا کوئی پر سان حال نہیں، بالخصوص ضروری اور فوری نوعیت کے معاملات میں مہنگے داموں اسٹام خریدنے پر مجبور ہیں،انہوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں