میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی،ادارہ دیوالیہ ہونے لگا،عملہ تنخواہ سے محروم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)میو نسپل کارپوریشن انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی اور محکمانہ ریکوری سست ہونیکی وجہ سے ادارہ دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے ۔
سینکڑوں ملازمین اور ریٹائر ملازمین کو ماہ نومبر کی تنخواہیں نہ مل سکیں ، ذرائع کے مطابق سابق دور میں بلدیہ انتظامیہ نے کروڑوں کے فنڈ ناقص منصوبہ بندی سے ترقیا تی کاموں پر خرچ کر کے ادارے کا اکاؤنٹ خالی کر دیا ہے اس وقت خزانے میں چند لاکھ روپے ہیں جبکہ کروڑوں کے واجبات بلدیہ کے ذمہ واجب الاداہیں جس وجہ سے ملازمین کو ماہ نومبر کی تنخواہیں نہ مل رہی ہے ادائیگیاں نہ ہونے پر ٹھیکے داروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے بلدیہ حکا م کا کہنا ہے کہ دکانوں کے کرائے میں کیے جانیوالے اضافے کے خلاف بعض دکاندار عدالتوں گئے ہیں، اسی طرح ڈی پی ڈی سی کی میٹنگ کے فیصلوں کی منظوری نہ ہونے کی وجہ سے کروڑوں کی کمرشل عمارتوں کے مالکان کے ذمے کروڑوں کی وصولیاں التوا کا شکار ہیں، مشکلات کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں چند برانچوں کے ملازمین کو تنخواہیں مل گئیں دیگرکو تین چار روز میں ملنا شروع ہو جائیں گی۔