پانی کی قلت ، نہروں کو بند نہ کرنے کی سفارشات مسترد
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)محکمہ انہار کی جانب سے حالیہ خشک سالی کے پیش نظر موسم سرما میں نہروں کی بندش روکنے کیلئے بھجوائی گئی محکمہ زراعت کی سفارشات پس پشت ڈال کرمجوزہ وارہ بندی کے شیڈول پر کام شروع کر دیا۔۔
ذرائع کے مطابق محکمہ زراعت پنجاب نے حالیہ خشک سالی سے فصلوں اور باغات کو پہنچنے والے نقصانات سے بچاؤ کیلئے محکمہ انہار کو سفارشات ارسال کی تھیں کہ بارشیں ہونے تک نہروں کی بندش نہ کی جائے ، کیونکہ پنجاب کے متعدد اضلاع میں زرعی رقبے کا زیر زمین پانی قابل استعمال نہ ہے ، کاشتکار فصلوں کو پانی کی فراہمی کیلئے نہری پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے ۔ عرصہ سے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے زرعی رقبہ کو پانی کی شدید ضرورت ہے ۔ اس لیے زراعت کے فروغ کیلئے نہروں کی بندش نہ کی جائے ، تاہم محکمہ انہار کی جانب سے سفارشات کو مسترد کر دیا ہے حکام کا کہنا ہے کہ نہروں کی بندش شیڈول کے مطابق ہو گی جس کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور رواں ماہ کے آخر میں نہر بندی شروع ہونے کا امکان ہے ۔