ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس

ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس ان کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسلم و دیگر ضلعی، صحت افسروں سمیت ارکان ہیلتھ کونسل نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی ضروریات بارے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی گئی۔ اور سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی امور،علاج معالجہ،مفت ادویات و طبی سہولیات کی فراہمی اور دیگر ضروری اشیا کی خریداری کے حوالہ سے مسائل زیر بحث لائے گئے ۔اجلاس میں ہسپتال میں ادویات کی وافر دستیابی اور صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنانے کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کو ایک مثالی علاج گاہ بنایا جائے اور مریضوں کو تمام طبی سہولیات مفت اور بہترین انداز میں ملنی چاہیے ۔ انہوں ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صبح وشام کی شفٹوں میں ڈاکٹرز سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے روٹیشن پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے سرکاری ہسپتالوں میں ضروری ادویات وافر مقدار میں موجود ہونی چا ہیے اور تمام مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ کونسل کے بجٹ کو ہسپتال کی بہتری کے لئے استعمال کیا جائے گا ، اس ضمن میں ہسپتال میں ادویات کی عدم دستیابی کی شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، اس حوالہ سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں