نجی سکولوں کو این او سی کے اجراء میں سنگین بےضابطگیوں کا انکشاف، رپورٹ طلب
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)نجی سکولوں کو این او سی کے اجراء میں سنگین بے ضابطگیوں کے انکشاف پر رپورٹ طلب کرلی گئی۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے علم میں آیا ہے کہ نجی سکولو ں کی رجسٹریشن کیلئے ایجوکیشن اور ہیلتھ اتھارٹیوں میں بیٹھے مافیاز کے ذریعے مختلف نوعیت کے سرٹیفکیٹس جعلی اور بوگس تیار کروا کر فائلوں میں شامل کئے جاتے ہیں، بالخصوص گنجان آبادیوں ،گلی محلوں میں سکولوں کی عمارتیں انتہائی ناقص ہونے کے باوجود متعلقہ حکام چیک تک نہیں کرتے ،یہاں تک کہ عمارتیں خطرناک ہونے کے باوجود دفاتر میں بیٹھ کر بلڈنگ کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جاتا ہے ، بیشتر سکولوں میں زمینی پانی ہی دستیاب ہے اور بچے پینے کیلئے پانی گھروں سے لاتے ہیں،لگ بھگ ہر سکول کمیشن پر بچوں کو کتب ،کاپیاں، یونیفارم خریدنے پر مجبور کرتا ہے ، اس حوالے سے موصولہ شکایات ملی بھگت کر کے دبا لی جاتی ہیں، یہی نہیں ضلع میں لگ بھگ ساڑھے تین سو سے زائد نجی سکولز سرے سے رجسٹرڈ ہی نہیں ،اسی طرح دیگر امور میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کی وجہ سے جہاں قومی خزانے کو خطیر نقصان پہنچایا جا رہا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم انکشافات پر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملات کی چھان بین کے احکامات جاری کر تے ہوئے سی او ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔