شہر کے 28 میں سے 21 واٹر فلٹریشن پلانٹس بند

شہر کے 28 میں سے 21 واٹر فلٹریشن پلانٹس بند

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث سرگودھا شہر کے 28 میں سے 21 فلٹریشن پلانٹس بد انتظامی کی نذر ہو کر عرصہ دراز سے بند پڑے ہیں جبکہ بلدیہ باقاعدگی سے ان کے بل بجلی ادا کررہی ہے۔

 ذرائع کے مطابق اندرون شہر بلاک نمبر 5، مقام حیات، محمدی کالونی، کوٹ فرید، ظفر کالونی، سیٹلائٹ ٹاؤن، استقلال آباد کالونی سمیت دیگر علاقوں میں کروڑوں روپے کی لاگت سے نصب فلٹریشن پلانٹس کی اکثریت صرف اس وجہ سے بند ہے کہ متعلقہ شعبے انہیں چالو رکھنے اور مرمت وغیرہ کیلئے ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کر نے پر تلے ہوئے ہیں اور ڈویژنل و ضلعی حکام بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ایک طرف تو حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے تو دوسری طرف شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کے باعث ان کی مشکلات مسلسل بڑھ رہی ہیں، صاحب حیثیت لوگ ٹینکر مافیا کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے تو دوسری طرف غریب اور متوسط طبقے کے افراد دوردراز علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد مرتبہ نشاندہی کی جا چکی ہے مگر کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا، انہوں نے وزیر اعلی مریم نواز شریف سے ترجیح بنیادوں پر نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن اور فلٹریشن کو پلانٹس چالو کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں