گرین ٹریکٹرز :قرعہ اندازی میں کامیاب افراد کو چابیاں دی گئیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب گرین ٹریکٹرز تقسیم میں بذریعہ شفاف قرعہ اندازی ٹریکٹرز حاصل کرنے والے خوش نصیب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب زراعت دفتر میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر سرگودہا ڈویژ ن جہانز یب اعوان، ایم پی ایز رانا منور غوث اور صفدر ساہی تھے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب گرین ٹریکٹرز تقسیم کیلئے سرگودہا ڈویژن کے ایک ہزار 272 کاشتکاروں میں ٹریکٹر کی چابیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ ضلع سرگودہا کے 303 خوش نصیب کاشتکاروں میں سے 24 کو ٹریکٹر دیئے جارہے ہیں۔ جیسے جیسے ڈیلرز کے پاس ٹریکٹر آتے جائیں گے کاشتکاروں میں چابیاں تقسیم کی جائیں گی۔ ایم پی اے رانا منور غوث نے کہا کہ گرین ٹریکٹر اسکیم زرعی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ وزیر کی قیادت میں پنجاب حکومت کا فوکس زرعی شعبہ کی ترقی پر مرکوز ہے جس کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ایم پی اے صفدر ساہی نے کہاکہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں زرعی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات پر عمل درآمد پوری کامیابی سے جاری ہے ۔