100 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ، 90 فیصد غیر فعال ، ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروش کی موجیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مقامی سطح پر مناسب عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے پرائس کنٹرول میکنزم ایک غیر ضروری دستاویز بن کر رہ گیا ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ضلعی و ڈویژنل مانیٹرنگ کمیٹیوں کا ریگولر اجلاس نہیں بلایا جاتا۔۔۔
اشیاء کی قیمتوں کے تعین میں مہینوں غفلت برتنا معمول ہے ، جس کے باعث ذخیرہ اندوزاور گرانفروشوں کو کھل کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کا موقع مل رہا ہے ،مہنگائی کے خلاف جاری حکومتی احکامات پر حالیہ مہم بھی غیر موثر ثابت ہورہی ہے ،باعث تشویش امر یہ ہے کہ مختلف محکموں کے افسران کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات ملنے کے بعد ان کی تعداد اب 100 سے زائد ہے مگر کوئی بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ریگولر کاروائی نہیں کرتا اور 90 فیصد سے زائد مجسٹریٹس فعال ہی نہیں ہیں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا عملہ جرمانوں اور دیگر تادیبی کاروائیاں کر کے سرکاری ریکارڈ کا پیٹ بھرنے میں مصروف رہتا ہے اور یہی اعدادوشمار اعلی حکام کو ارسال کر کے سب اچھا کی رپورٹ کی جا رہی ہے ،اسی طرح تاجر طبقے میں مناسب آگاہی دینے میں افسران بالا مکمل طور پر ناکام ہیں،دوسری جانب صارفین نے مصنوعی مہنگائی کی مجموعی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجیح بنیادوں پر حکومتی گائیڈ لائن پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔