کمیشن ایجنٹوں کی وجہ سے گرانفروشی بے قابو

کمیشن    ایجنٹوں    کی   وجہ    سے    گرانفروشی    بے   قابو

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈویژنل انتظامیہ نیو فروٹ /سبزی منڈی میں کمیشن ایجنٹوں کی مناپلی اور اجارہ داری ختم نہ کر سکی ،جس کے باعث جہاں گرانفروشی کی روک تھام ایک چیلنج بنی ہوئی ہے وہاں مافیا کے عتاب کا شکار چھوٹے دکاندارسراپا احتجاج بن کر رہ گئے ہیں۔۔۔

 ذرائع کے مطابق کمیشن ایجنٹوں نے منڈی میں اجارہ داری قائم کر رکھی ہے اور اشیا کے جو نرخ ان کی طرف سے مقرر کئے جاتے ہیں انہی کو مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ سرکاری لسٹوں کی زینت بنا کر گرانفروشی کیلئے ڈھال بنی ہوئی ہے ،چند روز قبل منڈی کے چھوٹے دکانداروں نے کمیشن ایجنٹوں سے سبزیاں لینے سے انکار کرتے ہوئے دیگر شہروں سے اپنے طور پر اشیا منگوانا شروع کیں تو مافیا پھر سے حرکت میں آ گیا اور مارکیٹ کمیٹی کے ذریعے انہیں بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ صرف مقامی کمیشن ایجنٹوں سے مال خرید کر فروخت کریں، جس پر درجنوں دکانداروں نے کام بند کر کے احتجاج شروع کر دیا، دکانداروں کا کہنا ہے کہ جو ریٹ کمیشن ایجنٹ دے رہے ہیں آگے ان نرخوں پر اشیا فروخت نہیں ہورہیں،کمیشن ایجنٹ من مانے ریٹ مقرر کرتے ہیں جبکہ باہر سے اشیا سستی مل رہی ہیں ،مگر مارکیٹ کمیٹی خلاف قانون جرمانے کر کے غیر ضروری دباؤ ڈال رہی ہے جس کی وجہ سے کام بند کرنے پر مجبور ہیں، انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سرگودھاسے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، جبکہ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی خالد کھرل کا کہنا ہے کہ قوانین اس کی اجازت نہیں دیتے کہ چھوٹے دوکاندار اپنے طور پر باہر سے اشیا لاکر کر یہاں فروخت کریں، بعض دکانداروں اور کمیشن ایجنٹوں کے مابین ادھار کا تنازعہ بھی چل رہا ہے جس پر معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں