نجی سکولوں میں چھٹیاں ختم ہونے پر نئی کلاسز کیلئے اقدامات
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع کے بیشتر نجی تعلیمی اداروں نے جلد از جلد داخلے کا حصول یقینی بنانے کیلئے بچوں کے امتحانات قبل از وقت لے کر اسی ماہ موسم سرما کی چھٹیاں ختم ہونے پر نئی کلاسز شروع کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔۔
ذرائع کے مطابق امسال بھی نئی تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز پر فیسوں میں اضافہ کیلئے نجی سکولوں نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے دوردراز کے علاقوں میں واقع سکولوں کی انتظامیہ نے تو والدین کونئی کتب کی فہرستوں کے ساتھ ساتھ اضافی فیسوں کی پرچیاں بھی تھما دی ہیں جس کے باعث والدین میں تشویش پائی جا رہی ہے دوسری طرف نئے تعلیمی سال کے پیش نظر من پسند پبلشرز کے کورس نجی سکولوں میں لگوانے کیلئے مناپلی اور مختلف پرنٹنگ پریسوں پر کتابوں کاپیوں کی چھپائی کا سلسلہ بھی عروج پر پہنچ چکا ہے اسی طرح بیگز اور وردیاں وغیرہ سینے والے اداروں کو بھی بڑی تعداد میں آرڈر دیئے جارہے ہیں ،اور اس عمل میں پبلشرز، دوکاندار اور سکولوں کی انتظامیہ کی مناپلی سے لوٹ مار کا سلسلہ شروع ہونے کو ہے ،معلوم ہوا ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کو اپنے اداروں میں متعلقہ پبلشرز اور اداروں کی کتابیں’ وردیاں وغیرہ لگانے پر خاطر خواہ کمیشن ملتی ہے ،اور اس کمیشن مافیا نے اس سیزن میں بھی لوٹ مار کیلئے لنگوٹ کس لئے ہیں جبکہ ستم ظریفی ہے کہ محکمہ تعلیم و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کی جانب سے اس جانب کسی قسم کا کوئی چیک اینڈ بیلنس نظر نہیں آ رہا جس پر بچوں کے والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور اس لوٹ مار سے والدین کو نجات دلائیں۔