غیر قانونی طریقے سے سونا نکالنے پر4افراد کیخلاف مقدمہ درج
میانوالی (نامہ نگار)مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ میانوالی کی غیر قانونی طریقے سے سونا نکالنے والوں کے خلاف کارروائی ، چار افراد کے خلاف تھانہ کالاباغ میں مقدمہ درج کرادیا۔
مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ میانوالی کی ٹیم غیر قانونی طریقے سے سونا نکالے جانے کی اطلاع پر تھانہ کالاباغ کے علاقہ ڈیکی میں پہنچی تو ٹیم کو دیکھ کر ملزمان سامان چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ ٹیم نے کھدائی کے لیے استعمال ہونے والی تین مشینوں سمیت ایک کار اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔ تحقیقات پر معلوم ہوا کہ یہ کام گل شیر خان ، وحید گل، نوید عمر اور محمد عامر کرا رہے تھے جن کے خلاف تھانہ کالاباغ میں مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے ۔دریں اثناء کالاباغ کے دریائی علاقہ کیکی اور ڈبکی سے ایک عرصہ سے غیر قانونی طور پر سونا نکالنے کا سلسلہ عروج پر ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اس کام کی خود سرپرستی کرے اور سرکاری سطح پر یہاں سے سونا نکال کر مقامی مارکیٹ میں فروخت اور بیرون ملک ایکسپورٹ کر کے اربوں ڈالر کمائے اور اپنے قرضے بھی اتارے اور کچھ رائیلٹی مقامی افراد کو بھی دی جائے یا پھر کالاباغ شہر کی ویلفیئر پہ خرچ کرے اور ساتھ ہی کالاباغ ڈیم کی تعمیر بھی کر دے ۔