مزید536 سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومت نے دوسرے مرحلے میں مزید 536سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔
جبکہ کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان پہلے سے آئوٹ سورس کئے گئے 810سکولوں کی پہلے اور بعد کی کارکردگی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کر لی ، انہوں نے واضح کیا ہے کہ سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ حکومت پنجاب کا اہم انیشیٹو ہے ، ڈپٹی کمشنرز اور ایجوکیشن افسران اس منصوبہ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں ، ایسے تمام سکولوں کے وقتا فوقتاً دورے کریں اور اگر کوئی کمی کوتاہی ہو تو انتظامیہ سے دور کروائیں تاکہ اصل اہداف کو حاصل کیا جا سکے ۔ وہ چاروں اضلاع میں سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ کمشنر نے سی ای اوز ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ وہ تمام ایسے آؤٹ سورس سکولوں کی پہلے اور بعد کی انرولمنٹ، اساتذہ کی تعداد اور دستیاب سہولتوں کی تفصیلی رپورٹ مرتب کر کے ایک ہفتہ میں ان کے دفتر بھجوائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے سرکاری سکولوں کے صرف ایک فنکشن کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے کوئی سکول پرائیویٹائز نہیں ہوا، لہذا ایجوکیشن افسر ایسے تمام سکولوں کی مکمل اونر شپ لیں۔ تمام آؤٹ سورس سکولوں کی عمارات بہتر ہو نی چا ہیں ، پینے کا پانی دستیاب، واش رومز کی حالت بہتر، اساتذہ اور درجہ چہارم کے ملازمین ضرورت کے مطابق موجود ہوں۔ اسی طرح سکولوں کی صفائی ستھرائی کو چیک کرنے کے علاوہ طلبہ کی تعلیمی استعداد کار کا بھی جائزہ لیا جائے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودھا ڈویژن میں پہلے مرحلہ میں 810 سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے جس میں سرگودہا کے 257 خوشاب کے 212 میانوالی کے 148 اور بھکر کے 193 سکولز شامل ہیں۔ فیز ٹو میں مزید 536 سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر میں گودہا کے 218، خوشاب کے 98، میانوالی کے 104 اور بھکر کے 116 سکول شامل ہیں ۔