سیالکوٹ : تحریک آزادی جموں و کشمیر کے حوالے سے تقریب
کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ،جلد آزادی کی منزل حاصل ہو گی:راجہ حسنین
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تحریک آزادی جموں و کشمیر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریکِ آزادی کشمیر یورپ کے صدر راجہ حسنین نواز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ، تقریب کا اہتمام نمائندہ دنیا نیوز عمر فاروق کی جانب سے کیا گیا ،اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن پروفیشنل جرنلسٹ گروپ کے صدر یاسر رضا سمیت گروپ کے دیگر ممبران عامر جاوید بٹ،کلیم ر ئو ف چشتی،عظمت نقوی،عدیل انور، شیراز میر،حامد کاہلوں،ندیم غوری،رانا خلیل ،ظفر عباس،عامر یونس،رحمن یوسف ، خضر شہزاد ، بلال خان اور یاسر شاہ نے بھی شرکت کی۔
میزبانی کے فرائض ریڈیو پاکستان کی ہوسٹ اور اینکر پرسن تابندہ انور نے ادا کی۔ تابندہ انور نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف جغرافیائی نہیں بلکہ مذہبی اور ثقافتی ہے ہر پاکستانی آزادی کشمیر کیلئے کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہیگا۔ راجہ حسنین نواز نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب آزادی کی منزل حاصل ہو گی۔الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن پروفیشنل جرنلسٹ گروپ کے صدر یاسر رضا نے تحریک آزادی کشمیر یورپ کی جدوجہد کو سراہا اور کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہر پاکستانی کشمیری عوام کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہے ، تحریکِ آزادی کشمیر اقوامِ متحدہ کی ان قراردادوں پر مبنی ہے جن میں کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا گیا۔