چیک اینڈ بیلنس کا فقدان،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا صفائی منصوبہ فلاپ ہونے کا خدشہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا صفائی کا منصوبہ بری طرح فلاپ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔۔
ذرائع کے مطابق یونین کونسلوں کی سطح پر لگائے جانے والے انچارج نظر نہیں آرہے جب کہ کمپلینٹ کے لیے دیے گئے نمبر پر افسر کال تک اٹینڈ نہیں کر رہے ،شروع شروع میں لوڈر رکشہ نظر آتے تھے جو اب کم کر دیے گئے ہیں اسی طرح عملہ صفائی کوڑا اٹھانے کی بجائے ا سے آگ لگا ر ہا ہے ، ذرائع کے مطابق افسروں کی مبینہ ملی بھگت کے باعث شہر میں صفائی کے نظام میں تا حال بہتری نہیں آ سکی جب کہ دور دراز اور دیہی علاقوں میں عملہ صفائی بہت کم نظر آرہا ہے اسی طرح کوڑا اٹھانے کا وزن زیادہ شو کر کے وصولی زائدکرنے کی شکایات بھی عام ہوتی جا رہی ہیں، حکومت نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 40 ارب کی خطیر رقم مختص کی ہے جس میں سے ٹھیکے داروں کو ہرماہ باقاعدگی سے ادائیگی ہو رہی ہے عملہ صفائی کا کہنا ہے شروع میں ٹھیکیدار نے مقرر کردہ اجرت کے مطابق ادائیگی نہیں کی اور نہ ہی ابھی تک عید کے ایام میں کئے جانے والے کام کی اجرت دی گئی ہے ، شہری حلقوں نے حکومت سے تمام معاملات کی غیر جانبدار تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو صفائی بارے کوئی پریشانی یا شکایت کا موقع نہ ملے۔