اوور سپیڈ اور ٹریفک بہاؤ ،اجنالہ روڈپر حادثات بڑھ گئے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا تا بھلوال تک اجنالہ روڈپر بڑھتے ہوئے حادثات باعث تشویش بننے لگے ،جس کی وجہ اوور سپیڈ اور ٹریفک کے بہاؤ میں اضافہ بتایا جاتا ہے۔۔۔
ذرائع کے مطابق ضلعی حکومت کوایک تحقیقاتی ادارے کی جانب سے موصول رپورٹ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ اس سڑک پر ٹریفک حادثات باعث تشویش حد تک بڑھ چکے ہیں، حالیہ عرصہ کے دوران اس روڈ پر ٹریفک کے بہاؤ میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ اوور سپیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں متعدد لوگ نہ صرف اپنی جانیں گنوا چکے ہیں بلکہ درجنوں عمر بھر کیلئے معذور ہو گئے ،رپورٹ میں حالیہ حادثات اور ان میں ہونیوالی اموات کی تفصیلات ارسال کرتے ہوئے اوور سپیڈنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ سڑک کو دورویہ بنانے کیلئے ترجیح بنیادوں پر ا قدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔