کمشنرکا زیر تعمیر نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے گورنمنٹ مولابخش ہسپتال سرگودہا کا دورہ کیا۔۔
، جہاں انہوں نے نئے تعمیر شدہ وارڈز کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ای بلڈنگ امانت علی اور دیگر افسران موجود تھے ۔بعد ازاں کمشنر نے 8.8 ارب روپے کی لاگت سے زیر تعمیر نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (N SIC) کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کے پراجیکٹ انچارج نے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ او پی ڈی بلڈنگ مکمل ہو چکی ہے نیز فرنیچر و جدید آلات بارے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رہائشی بلاک کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ مین بلڈنگ پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ پنجاب منصوبے کے جلد فعال ہونے کے لیے انتظامی سطح پر اقدامات کر رہا ہے ۔ کمشنر نے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سرگودھا ڈویژن کے عوام کو امراضِ قلب کے معیاری اور جدید علاج کی سہولتیں میسر آئیں گی۔قبل ازیں، کمشنر جہانزیب اعوان نے سرگودہا شہر کے مختلف علاقوں کچہری بازار، گول چوک، آزاد روڈ، چوک بلاک نمبر 12، گجر روڈ، واٹر سپلائی روڈ، خوشاب روڈ اور ڈیری روڈ کا دورہ کیا اور حالیہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔