تجاوزات کیخلاف بھر پور ، منظم آپریشن شروع کرنیکا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان نے واضح کیا ہے کہ تجاوزات، کرپشن اور ناقص کارکردگی پر زیرو ٹالرنس، ہر فرد کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔۔۔
انہو ں نے میونسپل افسران اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت سے سرانجام دیں، مبینہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور اور منظم آپریشن دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں فٹ پاتھ مکمل طور پر خالی ہونے چاہیں۔ تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور غفلت برتنے والے انسپکٹرز کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔کمشنرسرگودھاجہانزیب اعوان نے کہا کہ وہ خود تمام برانچوں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کریں گے ۔ جن علاقوں کو تجاوزات اور ریڑھی فری قرار دیا گیا ہے وہاں دوبارہ قبضہ یا غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام فیلڈ ٹیموں کو اپنے اپنے علاقوں میں متحرک نظر آنا ہوگا اور ہر فرد کی انفرادی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ، سخت گرمی کے پیش نظر واٹر سپلائی کنکشنز بحال رکھے جائیں اور بازاروں سے چنگ چی رکشوں کے خاتمے کے لیے چیف آفیسر اور میونسپل آفیسر (ریگولیشن) مل کر مؤثر لائحہ عمل ترتیب دیں۔ کمشنرسرگودھا جہانزیب اعوان نے تمام فیلڈ اسٹاف پر زور دیا کہ وہ ادارے کے وقار، عوامی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے ادا کریں۔اور اپنے کام میں بہتری لائیں۔ تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، سی او ایم سی حامد چھٹہ اور میونسپل افسران و انسپکٹرز شریک تھے ۔