ماڈل روڈز بنانے کا پی سی ون تیار،عملی اقدامات تیز
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شر یف کے فلیگ شپ منصوبے کے تحت سرگود ھا کے سینٹرل ایریا گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری بازار روڈ کو ماڈل روڈز میں تبدیل کرنے کا پی سی ون تیار، عملی اقدامات تیزکر دیئے گئے۔
اس حوالے سے کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایکسین ہائی ویز نے منصوبے کا تیار کردہ پی سی ون پیش کیا۔ اجلاس میں پی سی ون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسروں نے منصوبے کی مختلف تکنیکی و انتظامی جہتوں پر بریفنگ دی،بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت کچہری بازار اور سٹی روڈ کو 31 فٹ تک چوڑا کیا جائے گا، علاوہ ازیں فیسکو کی تکنیکی ٹیم ان سڑکوں پر بجلی کے کنکشنز کو زیر زمین منتقل کرنے کے لیے سروے مکمل کر رہی ہے ، تمام یوٹیلیٹی سروسز (گیس، ٹیلی کام، سیوریج، واٹر سپلائی وغیرہ) کو بھی انڈر گراؤنڈ کیا جائے گا تاکہ انفراسٹرکچر طویل المدتی اور پائیدار ہو۔ مزید یہ کہ کچہری بازار اور سٹی روڈ کے داخلی راستوں پر خوبصورت دروازے تعمیر کیے جائیں گے ، جو شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کریں گے ۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل کے دوران شہر کے تاجروں اور دکانداروں کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا جائے اور ان کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح اور شہر کی ترقی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے ، جسے ایک مشن کے طور پر مکمل کیا جائے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ یہ یادگار پراجیکٹ اپنے مقررہ نو ماہ کے اندر مکمل ہو اور عوام جلد از جلد اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران ، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان ، ایکسین انہار اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین نے شرکت کی۔