ذیشان عاشق کاسیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ،تفصیلی جائزہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)معاون خصوصی ذیشان عاشق ملک نے سیف سٹی اتھارٹی سرگودھا کا دورہ کیا۔ معاون خصوصی نے سیف سٹی کے کنٹرول روم میں محرم الحرام کے جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈویڑن بھر میں مرکزی و ذیلی جلوسوں کی سکیورٹی، شرکاء کی نقل و حرکت، اور روٹس کی نگرانی کے لیے کیمرہ نیٹ ورک کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامی امور میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام جلوسوں کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہے ۔ کمشنر سرگودھا نے بتایا کہ ڈویڑن بھر میں یوم عاشور کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد جاری ہے ، جبکہ آر پی او نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔مزید کہا گیا کہ مجالس و جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ جبکہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے ۔