سیلاب،ذخیرہ اندوزی،سبزیوں کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حالیہ بارشوں ،موسمی اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر زرعی زمینیں زیر آب آنے کے باعث سبزیوں کی پیدوار متاثر ہونے پران کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔
مصنوعی مہنگائی کیلئے ذخیرہ اندوز بھی متحرک ہو گئے ،تفصیل کے مطابق حالیہ بارشی سلسلہ کے باعث ضلع کے بیشتر علاقوں میں زرعی زمینوں کے زیر آب آنے کو جواز بنا کر سبزیوں کی پیدوار متاثر ظاہر کیا جا رہا ہے اورانکی قیمتوں میں اچانک بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ مصنوعی مہنگائی کیلئے ذخیرہ اندوزوں کے باعث قیمتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے ، گزشتہ رو ز پیاز 80روپے ، ادرک600 روپے ،سبزمرچ 200، لیموں 440 ، لہسن 400 ، آلو130 ، کدو80 ، گوبھی120 ، گاجر120 ، بھنڈی300 ، بندگوبھی120 ،شملہ 240،مٹر380 ،کریلا200روپے ،توری 140روپے فی کلوفروخت ہوتے رہے ،شہریوں کا کہنا تھا کہ قدرتی مہنگائی کے ساتھ ساتھ ناجائز منافع خوری نے خریداروں کی قوت خرید ختم کر کے رکھ دی ہے انتظامیہ فوری نوٹس لے جبکہ دکانداروں کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں صرف چاریا پانچ سبزیاں کاشت ہوتی ہیں جبکہ باقی تمام دیگر اضلاع سے منگوائی جاتی ہیں اوربا رشوں سے ٹرانسپورٹیشن متاثرہونے کے باعث منڈی میں سبزیوں کی قلت ہے جس کے باعث برسات کے موسم میں سبزیوں کی قلت ہی رہے گی ۔