پاکستان بیت المال ریجنل آفس لاہور میں آن لائن تربیتی سیشن
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)پاکستان بیت المال کے ریجنل آفس لاہور نے منیجنگ ڈائریکٹر کی ہدایات پرایک اہم آن لائن تربیتی سیشن کاانعقاد کیا۔۔۔۔
یہ زوم کے ذریعے منعقد ہونے والا سیشن ڈائریکٹر ریجنل آفس لاہور محمد ظہیر کی زیرصدارت ہواجنہوں نے بطور ماسٹر ٹرینر فرائض سرانجام دیے ۔تربیتی سیشن کا بنیادی مقصد نظام کی مؤثریت میں اضافہ اورعملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا۔ اس موقع پر تین اہم موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی جن میں وہسل بلوئنگ، مفادات کا ٹکراؤ اور تنظیمی رویہ شامل تھے ۔یہ خصوصی سیشن دیانت داری، شفافیت، اور تنظیمی اخلاقیات کے فروغ کیلئے ڈیزائن کیا گیا تھا تاکہ پاکستان بیت المال کی مؤثراور جواب دہ عوامی خدمت کے مشن کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ۔عملے کے اراکین نے تربیت میں بھرپور حصہ لیا اور روزمرہ کے کاروباری امور سے متعلق عملی مثالوں اور بصیرت سے استفادہ کیا۔ تربیت کے اختتام پر ایک کھلا سوال و جواب کا سیشن بھی منعقدہواجس میں شرکاء کو ماسٹر ٹرینر سے براہ راست بات چیت، تصورات کی وضاحت اور اپنی رائے کااظہارکرنے کا موقع ملا۔اس انٹرایکٹو حصے نے تربیت کی افادیت میں نمایاں اضافہ کیا اور تنظیم کے اندر کھلے مکالمے کو فروغ دیا۔ ریجنل آفس نے منیجنگ ڈائریکٹر کی وڑنری قیادت میں ادارہ جاتی کارکردگی اور نظم و نسق کے معیار کو مزید بلند کرنے کیلئے ایسے تربیتی اقدامات کو جاری رکھنے کاعزم ظاہرکیا۔