آ ر پی او کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا محمد شہزاد آصف خان کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔۔
، جس میں چاروں اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز، آر ٹی سیکرٹریز، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او سرگودھا نے کہا کہ بڑی گاڑیوں کے لیے مقرر کردہ اوقات کی سختی سے پابندی کروائی جائے ، اور تمام ہیوی گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ اور ہیوی ڈرائیونگ لائسنس کو لازمی قرار دیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ 25 جولائی کے بعد کوئی بھی بڑی گاڑی فٹنس سرٹیفکیٹ اور مجاز لائسنس کے بغیر سڑک استعمال نہیں کر سکے گی۔آر پی او نے ہدایت کی کہ مقررہ وزن سے زائد لوڈ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت مہلک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے ، تاہم اس کمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کا تسلسل ضروری ہے ۔موٹر سائیکل حادثات سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ کے استعمال میں غفلت جانی نقصان کی بڑی وجہ ہے ۔ اس حوالے سے تمام اضلاع میں ہیلمٹ آگاہی مہم شروع کی جائے ، جبکہ تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کے لیے ہیلمٹ پہننا لازم قرار دینے کے لیے متعلقہ محکموں کو خطوط ارسال کیے جائیں۔