گیسٹرو، ملیریا، ٹائیفائیڈ جیسی بیماریاں پھیلنے کا خطرہ :ڈاکٹر راؤ گلزار
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا )ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ خوشاب ڈاکٹر راؤ گلزار یوسف نے کہا ہے کہ مون سون کے موسم میں متعدی امراض کے پھیلاو کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے سے گیسٹرو، ملیریا، ٹائیفائیڈ جیسی بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ہے۔
اس لئے ضروری ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنای جائے ،ضلعی دفتر صحت جوہر آباد میں میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ کمسن بچوں کی صحت میں ہونیوالی معمولی تبدیلی کو بھی نظر انداز نہ کریں اور فوری طور معالج سے رابطہ کریں ، موسم برسات کی بیماریوں سے چھوٹے بچے زیادہ متاثر ہوتے ہیں لہذا والدین احتیاط کریں اور کھانے پینے کی اشیا کو نہ صرف ڈھانپ کر رکھیں بلکہ کھانے پینے کی اشیا میں خصوصی احتیاط سے ان بیماریوں سے بچا وممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں کھانے پینے کی اشیا میں مختلف قسم کے بیکٹیریا پیدا ہوتے ہیں جو بیماریوں کا موجب بنتے ہیں ، گلے سڑے پھل اور غیر معیاری اشیا کے علاوہ بازاروں میں بکنے والے شوارما ،پیزے ،برگر اور اسی طرح کی دیگر اشیا کھانے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ یہی وہ اشیا ہیں جو بیماریوں کا موجب بنتی ہیں۔