ہائوسنگ کالونیوں کے سیوریج لائنوں کے سائز کم،ناقص میٹریل
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)میو نسپل کارپوریشن حکام نے شہر میں کے بیشتر علاقوں میں نکاسی آب کی ابتر صورتحال کا ذمہ دار ہاؤسنگ کالونیوں کے مالکان کو قرار دیدیا۔۔۔
ذرائع کے مطابق شہر میں گزشتہ 20 سالوں کے دوران نئی قائم ہونیوالی ہاؤسنگ سکیموں میں جہاں دیگر قوائد و ضوابط کو بالائے طاق رکھاگیا وہا ں سکیموں میں بچھائی جانیوالی سیوریج لائنوں کے سائز بھی ورک پلان سے کہیں کم رکھے گئے ، ان سیوریج لائنوں کے سائز سرکاری ریکارڈ میں18سے 24انچ ظاہر کئے گئے ہیں جبکہ موقع پر 8سے 12تک انچ کی سیوریج لائنیں ڈالی گئی ہیں یہی نہیں ان سیوریج لائنوں کی تنصیب میں غیر معیاری میٹریل کے باعث اکثر جگہوں سے سیوریج لائنیں بیٹھ چکی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے ، خصوصی ٹیم کی طرف سے شہر میں سیوریج سسٹم کی بحالی کیلئے کئے جانیوالے سروے کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اخراجات بچانے کیلئے ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کی طرف سے بچھائی جانیوالی سیوریج لائنوں کے سائز آبادیوں کے تناسب سے انتہائی کم ہیں، جبکہ بیشتر نے تو نکاسی آب کے حوالے سے ایس او پیز نظر انداز کئے ،جس کی وجہ سے آئے روز سیوریج کے مسائل کا سامنا رہتا ہے ،اور بہتری کیلئے ان لائنوں کی تبدیلی کے علاوہ کوئی حل نہیں ۔