چاروں اضلاع میں 72 الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری
سرگودھا(نعیم فیصل سے )حکومت پنجاب کی جانب سے سرگودھاسمیت ڈویژن کے چاروں اضلاع میں وزیر اعلیٰ کے پنجاب کی پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں۔۔۔
انقلاب کے وژن ٹرانسپورٹ-2030 کے تحت عارضی طور پر 72الیکٹرک بسوں کی منظوری دیتے ہوئے منصو بے کے اجراء کیلئے گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے جلد از جلد تجاویز طلب کر لیں گئی ، ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے سرگودھا ڈویژن میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے تاریخی اقدام شروع کر دیا ہے جس کے تحت ڈویژن کے تمام اضلاع میں ماحول دوست الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جائیں گی یہ فلیگ شپ منصوبہ صاف، پائیدار اور جدید شہری نقل و حمل کو یقینی بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے ، جو ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں بھی فعال کردار ادا کرے گا،سرگودھا شہر میں 48،خوشاب میں 12،میانوالی اور بھکر میں 6,6الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی ، اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر ز اور سیکرٹری ڈی آر ٹیز کو گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر ان بسوں کے روٹس کا جائزہ لے کر مناسب راستے تجویز کئے جائیں،تاکہ اطراف کی آبادیوں کو مؤثر طریقے سے سہولت فراہم کی جا سکے راستوں کی تعداد کو شہری علاقوں کیلئے 15-20 منٹ جبکہ نیم شہری علاقوں کے لیے 25-30 منٹ کے وقفے کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی بنائی جائے ،پانچ رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔