نوسرباز کمیشن شاپ منشی سے 14لاکھ،55ہزار لے اڑے
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا )جوہرآباد کے مصروف ترین کاروباری علاقے بینک روڈ پر دن دہاڑے نوسر بازوں نے مقامی کمیشن شاپ کے منشی سے 14لاکھ 55ہزار روپے ہتھیا لئے اور رفوکر ہو گئے ۔
نوسر بازی کی واردات کی اطلاع ملتے ہیں مقامی پولیس حرکت میں آ گئی لیکن نوسر بازوں کا سراغ نہ مل سکا ، معلوم ہوا ہے کہ شبیر کالونی کے رہائشی چودھری ارسلان کا منشی محمد وقاص بینک جوہر آباد برانچ سے کیش نکلوا کر موٹر سائیکل پر واپس آ رہا تھا کہ ایک معمر شخص نے روک کر اس سے مدد مانگی کہ میرے سامنے والا شخص مجھ سے رقم چھین کر جا رہا ہے ، میری رقم واپس دلا دیں،وقاص نے اسے اپنے موٹر سائیکل پر بٹھالیا جب وہ اس کا تعاقب کرتے ہوئے واپڈا سٹور کے قریب پہنچے تو سول کپڑوں میں ملبوس دو مبینہ سرکاری ملازمین نے چیکنگ کے بہانے وقاص سے نقدی والا بیگ لے لیا اور تینوں رفو چکر ہو گئے ۔