چیف الیکشن کمشنر کا بھیرہ میں بنیادی مرکز صحت کا افتتاح
بھیرہ(نامہ نگار )سلطان آباد چھانٹ بھیرہ میں عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے قائم کردہ بنیادی مرکز صحت کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
جس پر 7 کروڑ 30 لاکھ روپیہ سے زائد لاگت آئی ہے یہ منصوبہ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی خصوصی دلچسپی اور نگرانی سے مکمل ہوا، جو ان کے والدین کی علاقہ کے عوام کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے خواب کی عملی تعبیر ہے افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ نے خود فیتہ کاٹ کر مرکز صحت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ان کے ہمراہ ان کے ڈائریکٹر پنجاب کالج بھیرہ کیمپس علی سکندر راجہ بھی موجود تھے ۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ عشنہ طاہر، چیف ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سارہ صفدر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حافظ محمد اسماعیل، سب ڈویژنل آفیسر بلڈنگز حاجی محمد منیر سمیت دیگر معزز شخصیات بھی شریک تھیں علاقہ کے عوام نے کہا کہ یہ مرکز صحت ایک دیرینہ ضرورت تھی یہ عظیم فلاحی خدمت ہے ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کے والدین کے مشن کی تکمیل ہے تقریب کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ مرکز صحت میں آنے والے ہر مریض کو بہتر اور معیاری علاج کی سہولت دی جائے اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ عشنہ طاہر نے چیف الیکشن کمشنر کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرہ میں گردے کے مریضوں کو ڈائیلیسز کے مسائل سے آگاہ کیا۔