صہیب بھرتھ کا کوٹ مومن کا دورہ،5افراد کو ریسکیوکیا
کوٹ مومن (نمائندہ دنیا )دریائے چناب میں آنے والے سیلاب کے باعث کوٹ مومن اور گرد و نواح کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔
صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے جمعہ کے روز کوٹ مومن پہنچ کر سیلابی صورت حال کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا،اس موقع پر کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان، آر پی او سرگودہا شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈی پی او صہیب اشرف سمیت محکمہ انہار، سی اینڈ ڈبلیو اور ریسکیو 1122 کے افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے ۔ صوبائی وزیر ریسکیو بوٹ پر بیٹھ کر قریبی متاثرہ بستیوں تک پہنچے اور خود پانچ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طالب والا پل پر دریائے چناب کے بہاؤ کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں سے پانی کی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ لی۔ ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو سیلابی صورت حال، ریلیف سرگرمیوں اور متاثرہ افراد کے انخلا سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ کوٹ مومن کے متاثرہ پوائنٹ سے اب تک 4500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرگودہا کی فیلڈ فارمیشن مکمل طور پر متحرک ہے ۔ انتظامیہ، پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور دیگر ادارے دن رات محنت کر رہے ہیں ۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ کوٹ مومن کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں واضح کمی آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر متاثرہ علاقوں کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔