ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو اسپتال میانوالی کے ٹراما سینٹر کا اچانک دورہ
میانوالی(نامہ نگار)عوام کو علاج معالجے کی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی نے رات کے وقت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میانوالی کے ٹراما سینٹر کا بغیر اطلاع دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز، فارمیسی اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا جبکہ عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور آلات کی دستیابی کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے مہیا کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومتی وژن کے مطابق مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور صفائی کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد رفیق خان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر میاں کاشف علی بھی موجود تھے۔