ڈپٹی کمشنروں کو سگریٹ کی غیر قانونی مینو فیکچرنگ،فروخت کے خلاف سخت ایکشن کا ٹاسک

ڈپٹی کمشنروں کو سگریٹ کی غیر قانونی مینو فیکچرنگ،فروخت کے خلاف سخت ایکشن کا ٹاسک

ایکسائز اور ریونیو حکام کو مشترکہ ٹیمیں بنا کر کارروائی تیز کرنے کا حکم ، غیر قانونی سگریٹ کی شناخت کے لئے خصوصی ایپ استعمال کی جائے ، کارروائی کا واضح میکنزم بنانے کی ہدایت بھی جاری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو غیر قانونی سگریٹ کی مینوفیکچرنگ اور فروخت کے خلاف سخت ایکشن لینے کا ٹاسک سونپ دیا ،جہاں بھی ایسی پروڈکشن یا سپلائی ہو رہی ہے وہاں قانون کے مطابق فوری ایکشن ہو۔ مقامی سطح پر جو لوگ چھپ کر سیل یا پروڈکشن کر رہے ہیں، ان کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔ کمشنر نے ایکسائز اور ریونیو حکام کو مشترکہ ٹیمیں بنا کر کارروائی تیز کرنے کا ٹا سک دیا اور ہدایت کی کہ سگریٹ شاپس اور گوداموں کی باقاعدہ چیکنگ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایک ایپ بھی تیار کی گئی ہے جس کے ذریعے اسکین کر کے غیر قانونی سگریٹ کی شناخت کی جا سکتی ہے ۔

ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایکسائز افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بلا کر کارروائی کا واضح میکنزم بنائیں اور غیر قانونی مینوفیکچرنگ، گوداموں اور اسٹورز کے خلاف اقدامات اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس، اے ڈی سی آر بھکر، ایم ڈی پی ایچ اے ، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی، سی او ایم سی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران شریک تھے ۔کمشنر نے وزیر اعلی پنجاب کے پی آئیز کے مطابق مختلف شعبوں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مین ہول کورز کی تنصیب اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مین ہولز کور کرنے متعلق رپورٹ تین دن میں طلب کر لی گئی ہے ۔ دکانوں کے سامنے لٹکے ترپال اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے بھی عملی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں عوامی سہولتوں اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پیش رفت سے کمشنرکوآگاہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں