عوام کیلئے خوشخبری،14ارب کے میگا سیوریج منصوبے پررواں ماہ کام کا آغاز
آئندہ چند روز میں کنٹریکٹر باقاعدہ فیلڈ میں کام شروع کرے گا ،تمام این او سیز فوری طور پر کلیئر کئے جائیں ،پی ٹی سی ایل ،سوئی گیس زیر زمین کیبلز کی بروقت نشاندہی کریں،کمشنر کی ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودہا کے شہریوں کیلئے تاریخی خوشخبری، 14ارب روپے کے میگا سیوریج منصوبے کا باقاعدہ آغاز رواں ماہ ہوگا،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر سرگودہا شہر کے دیرینہ سیوریج مسئلے کے مستقل حل کیلئے14 ارب روپے کے میگا سیوریج منصوبے کا باقاعدہ آغاز رواں ماہ کیا جا رہا ہے ۔ اس منصوبے کی افتتاحی تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد وسیم، ایم ڈی واسا ابو بکر عمر، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، سی او میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد، ایس ای ہائی ویز، فیسکو و متعلقہ محکموں کے افسران اور نیسپاک کی ٹیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ چند روز میں منصوبے کے عملی آغاز کیساتھ ہی کنٹریکٹر باقاعدہ فیلڈ میں کام شروع کریگا تاکہ سرگودہا اس بڑے پراجیکٹ میں صوبے کے دیگر اضلاع کیلئے مثال بن سکے ۔ اجلاس کو ایم ڈی واسا ابو بکر عمر نے منصوبے کے خدوخال، فیز وائز پلاننگ اور تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام این او سیز فوری طور پر کلیئر کئے جائیں تاکہ کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ پی ٹی سی ایل اور سوئی گیس سمیت دیگر اداروں کو زیرِ زمین کیبلز کی نشاندہی اور بروقت منتقلی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں کی بحالی، کراسنگ پوائنٹس اور دیگر ترقیاتی معاملات میں تمام محکمے مکمل تعاون کرینگے ۔