نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت
غیر قانونی طور پر پٹرول فروخت کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم
خوشاب (نمائندہ دُنیا)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر اور ڈی پی او خوشاب سیدہ عمارہ شیرازی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی غزالہ کنول، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب چوہدری ضیاء اللہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سول ڈیفنس آفیسر اور متعلقہ اداروں نے غیر قانونی کاروبار اور پٹرول سمگلنگ سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی کو غیر قانونی پٹرول و ڈیزل فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سمگل شدہ پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور رواں ماہ کی گئی کارروائیوں کی ایگزٹ نمبر، جیو ٹیگ میپ اور تحریری رپورٹ پیش کی جائے ۔ٹریفک پولیس آفیسر نے چالان اور جرمانوں سے آگاہ کیا جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ضلعی انچارج نے تجاوزات اور صفائی ستھرائی پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹرانسپورٹ آفیسر کو ہدایت کی کہ رکشوں کو پالیسی کے تحت چیک کیا جائے ، بغیر رجسٹرڈ اور اونر شپ منتقل نہ کرانے والے رکشہ ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔