بھاگٹانوالہ مین بازار میں ریڑھی بانوں کاسڑک پر پھرقبضہ
بھاری جرمانے اور مقدمات کے اندراج کے باوجود تجاوزا ت ختم نہ ہوسکیں
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا )مین بازار میں تجاوزات کے خلاف پیرا فورس اور انتظامیہ کی کارروائیوں کے باوجود تجاوزات مافیا بے لگام ہو گیا ہے ، بازار کی سڑک کے عین درمیان ریڑھیاں لگا کر کاروبار دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے ،انتظامیہ کی جانب سے بھاری جرمانے اور مقدمات کے اندراج کے باوجود ناجائز تجاوزات کا خاتمہ ممکن نہ ہو سکا۔ بھاگٹانوالہ مین بازار میں ریڑھی بانوں نے سڑک کے درمیان میں قبضہ جما رکھا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔پیدل چلنے والوں کے لیے راستے تنگ ہو گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ شہریوں نے اعلیٰ انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور مستقل بنیادوں پر تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔