گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار من مقرر کی جائے، نصر اللہ خان
ملک کو زرعی خود کفالت تک پہنچانا ہے تو زرعی مداخل سستے کرنا ہوں گے نوشتہ دیوار پڑھیں ورنہ ملک میں آئندہ سال غذائی بحران:صدر انجمن کاشتکاران
موچھ(نمائندہ دنیا)انجمن کاشتکاران ضلع میانوالی کے صدر محمد نصر اللہ خان قمر نیازی نے کہا ہے کہ ملک کو زرعی خود کفالت تک پہنچانا ہے تو کاشت کاروں کو زرعی مداخل ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے ہوں گے ورنہ خود کفالت کا پروگرام شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔ مقامی صحافیوں کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈی اے پی کھاد پندرہ ہزار روپے فی بوری ہو چکی ہے ،کاشتکار اپنے رقبہ پر کنولا،سرسوں کی کاشت کو فوقیت اور اولیت دے رہے ہیں اور وہ اپنی ضرورت کے مطابق کم از کم رقبہ پر گندم کاشت کریں گے ،انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب کے ارباب اختیار کو نوشتہ دیوار پڑھنا چاہیئے ،بلا تاخیر گندم کی امدادی قیمت کم از کم چار ہزار روپے فی من اور زرعی مداخل میں آسائش کے اقدامات بروئے کار لائیں۔ورنہ آئندہ سال ملک غذائی بحران سے دو چار ہو جائے گا۔جو ارباب حل و عقد کے لیئے لمحہ فکریہ سے کم نہ ہوگا۔