سردی :ہسپتالوں میں نرسریوں کے اخراجات میں 40 فیصد اضافہ

 سردی :ہسپتالوں میں نرسریوں کے اخراجات میں 40 فیصد اضافہ

ایک انکوبیٹر میں دو سے تین بچوں کو رکھا جا رہا ہے ، لو گوں کو شدید پریشانی کا سامنا

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)موسمی شدت میں چھوٹے عمر خصوصاً نوزائیدہ بچوں میں نمونیا اور دیگر موسمی امراض میں اضافے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ہسپتالوں میں بچوں کی نرسریوں کے اخراجات میں 40 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے ، اور سہولیات کے نام پر لوٹ مار کا ایک بازار گرم ہے ۔ذرائع کے مطابق سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ بچوں میں نمونیا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے ، خاص طور پر نوزائیدہ بچے تیزی سے اس کا شکار ہو رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں محدود سہولیات کی وجہ سے زیادہ تر والدین نجی ہسپتالوں کی جانب رجوع کرنے پر مجبور ہیں، جہاں ایک انکوبیٹر میں دو سے تین بچوں کو رکھا جا رہا ہے۔

فی کس کے حساب سے فیس کے ساتھ ساتھ دیگر اضافی اخراجات بھی وصول کیے جا رہے ہیں۔اسی طرح نرسریوں میں موجود عملہ کی اکثریت تجربہ کار نہیں، اور والدین سے ایسے مختلف ٹیسٹوں اور سہولیات کے بل وصول کیے جا رہے ہیں جو حقیقت میں دستیاب نہیں ہیں۔ شہر کے درجنوں نجی ہسپتالوں میں یہ دھندہ زور و شور سے جاری ہے اور چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کی وجہ سے سادہ لوح عوام مسلسل متاثر ہو رہی ہے ۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور اس سلسلے کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں