ریونیو ریکوری میں غفلت برداشت نہیں:ڈی سی ڈاکٹر جہانزیب
ریونیو ریکوری میں غفلت برداشت نہیں:ڈی سی ڈاکٹر جہانزیب
خوشاب(نمائندہ دُنیا) ضلع خوشاب میں ریونیو ریکوری کی پوزیشن کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر عبداللہ خان، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب چودھری ضیا اللہ، نائب تحصیلدار رانا مشتاق، اطہر شیرازی، نائب تحصیلدار خوشاب شازیہ خان، میڈم سحرش (اراضی لینڈ ریکارڈ سنٹر)، پیر مہر علی شاہ، چوہدری منیر احمد کھارا کنسلٹنٹ آفیسر ریونیو سمیت متعلقہ ریونیو افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ریونیو سے متعلق ریکوری کے مختلف معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ کام میں کسی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ریونیو ریکوری کو سو فیصد بہتر بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب نے ریونیو معاملات میں نمایاں آسانیاں پیدا کر دی ہیں جبکہ پلس پراجیکٹ سے متعلق تجاویز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ریونیو افسران اور اہلکاروں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں، بصورت دیگر ناقص کارکردگی دکھانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔