نیو ایئر نائٹ:سکیورٹی پلان،ون ویلنگ پر ایکشن ہوگا
ایک ہزار سے زائد افسر، ملازمین، آفیشلز اور رضا کار ڈیوٹیاں انجام دیں گے ، سکیورٹی ٹیمیں نوجوانوں کی مسلسل نگرانی کرینگی ، شہریوں سے پو لیس سے تعاون کی اپیل
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ہیپی نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ضلع سرگودھا میں امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پلان کے تحت ایک ہزار سے زائد افسران، ملازمین، آفیشلز اور رضا کار ڈیوٹیاں انجام دیں گے تاکہ ممنوعہ تقریبات، ہلڑ بازی اور دیگر ناخوشگوار واقعات کو روکا جا سکے ۔سکیورٹی حکام نے شہر میں سڑکوں، پارکنگ ایریاز اور عوامی مقامات پر فول پروف نگرانی کے لیے 3 ڈی ایس پیز، 27 ایس ایچ اوز، 80 سب انسپکٹرز، تقریباً 200 اے ایس آئیز، 600 پولیس اہلکار اور ایلیٹ فورس کی 4 ٹیمیں تعینات کرنے کی سفارش کی ہے ۔ یہ ٹیمیں گاڑیوں کی تلاشی، ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کی نگرانی اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر فوری کاروائی کریں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پی او صہیب اشرف کی منظوری کے بعد ڈیوٹیاں ایک روز قبل ہی نافذ کر دی جائیں گی تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور ہیپی نیو ایئر کے موقع پر امن و امان قائم رہے ۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ سکیورٹی اقدامات میں پولیس کے تعاون کو یقینی بنائیں۔