گنے سے اوورلوڈ ٹرالیوں کے باعث حادثات میں اضافہ

 گنے سے اوورلوڈ ٹرالیوں کے باعث حادثات میں اضافہ

مین شاہرات کے اوپر سے گزرنے والی واپڈا کی بجلی کی تاریں ٹوٹنا معمول ضلع بھر میں اوورلوڈ ٹرالیوں کی چیکنگ کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں،شہری

 کلورکوٹ (نمائندہ دنیا )تحصیل کلورکوٹ سمیت ضلع بھر میں شوگر ملوں کو جانے والی گنے سے اوورلوڈ ٹرالیوں اور فرشوں کے باعث ٹریفک حادثات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے ۔ اوورلوڈنگ کے سبب مین شاہرات کے اوپر سے گزرنے والی واپڈا کی بجلی کی تاریں ٹوٹنا معمول بن چکا ہے ، جبکہ ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں گنے سے لدی اوورلوڈ ٹرالیاں بغیر کسی چیکنگ کے سڑکوں پر رواں دواں ہیں، جس کے باعث آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں۔

گزشتہ روز نواحی علاقہ ملانہ میں گنے سے اوورلوڈ ٹرالی کی ٹکر سے ایک لوڈر ڈرائیور موقع پر جاں بحق جبکہ دو خواتین زخمی ہو گئیں۔ حادثے کے دوران اوورلوڈ فرشہ واپڈا کی بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، جس کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں اوورلوڈ ٹرالیوں کی چیکنگ کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں اور ٹریفک پولیس و پٹرولنگ پولیس نے ان کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا رویہ اختیار کر رکھا ہے ۔ عوامی حلقوں نے ڈی پی او بھکر سے مطالبہ کیا ہے کہ گنے سے اوورلوڈ ٹرالیوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے اور بجلی کے نظام کو بھی درہم برہم ہونے سے بچایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں