شہید سب انسپکٹر عامر رضوان کے اہل خانہ سے آر پی او اور ڈی پی او کی تعزیت
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سرگودھا محمد شہزاد آصف خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سرگودھا محمد صہیب اشرف نے شہید سب انسپکٹر عامر رضوان کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
آر پی او اور ڈی پی او نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے شہید کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں انہوں نے شہید سب انسپکٹر عامر رضوان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان نے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی امن و امان قائم رکھے ہوئے ہے ۔