ریونیو افسران واجبات کی وصولی کو یقینی بنائیں :کمشنر سرگو دھا
ریونیو افسران واجبات کی وصولی کو یقینی بنائیں :کمشنر سرگو دھاکرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے واضح کیا ہے کہ ریونیو واجبات کی وصولی ریونیو افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو افسران دیگر امور کے ساتھ ساتھ ریونیو ریکوری کو اولین ترجیح دیں اور بورڈ آف ریونیو کے طے کردہ تمام انڈیکیٹرز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ سرگودھا ڈویژن مجموعی کارکردگی میں سرِ فہرست رہے ۔یہ ہدایات انہوں نے بورڈ آف ریونیو کے انیشیٹوز اور پلس پراجیکٹ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، جس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز، پلس پراجیکٹ کے فوکل پرسن اور دیگر ریونیو افسروں نے شرکت کی۔
کمشنر نے ریونیو افسران پر زور دیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور اگر کسی اہلکار یا افسر کے خلاف کرپشن کی شکایت موصول ہو تو باقاعدہ انکوائری کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کو بھی ترجیح دینے اور عدالتی نوعیت کے زیر التواء ریونیو کیسز کو بروقت نمٹانے کی ہدایت کی۔کمشنر نے کہا کہ وہ جلد اضلاع کے دورے کریں گے اور ہر ضلع میں جا کر ریونیو افسران کی انفرادی کارکردگی، بورڈ آف ریونیو کی انیشیٹوز اور اہداف کا خود جائزہ لیں گے ۔ اجلاس میں پلس پراجیکٹ کے فوکل پرسن نے ونڈا کی تقسیم، گرین پراپرٹی اور دیگر شعبہ جات کے حوالے سے ڈویژن کی کارکردگی پر بریفنگ دی، جبکہ چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اے ڈی سی آرز نے اپنے اضلاع میں انیشیٹوز پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی۔