نصراﷲ خان آدم کی پانچویں برسی، شعری محفل کا انعقاد
نصراﷲ خان آدم کی پانچویں برسی، شعری محفل کا انعقاد’’نالہ دل ‘‘ نامی شعری مجموعہ قاری کو اپنے دل کی آواز محسوس کرواتا ہے :مقررین
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے سرگودھا کے بزرگ شاعر نصراﷲ خان آدم کی پانچویں برسی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اردو، فارسی اور انگریزی میں مشق سخن کر کے اپنی خداداد صلاحیتوں کا ثبوت دیا۔ ڈاکٹر تبسم نے کہا کہ نصراﷲ خان آدم آج ہمارے درمیان نہیں ہیں، لیکن ان کے شعری مجموعے انہیں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا کی مٹی ادبی اعتبار سے بہت زرخیز ہے اور گم نام اہل قلم کو دریافت کرنے میں عزیزم ذوالفقار احسن کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ ‘‘نالہ دل’’ نامی شعری مجموعے کی تعارفی تقریب میں ڈاکٹر تبسم نے بتایا کہ یہ مجموعہ قاری کو اپنے دل کی آواز محسوس کرواتا ہے اور تصوف میں ڈوبی شاعری ہمارے دل کے دروازوں پر دستک دیتی ہے ۔تقریب کے آخر میں نصراﷲ خان آدم، علامہ رشک ترابی، پروفیسر اجمل ہاشمی، افسانہ نگار سعادت حسن منٹو اور مسز جبار مرزا کے لیے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی گئی۔