شاہ پور:سیوریج بلاکیج، شہری بدبو اور تعفن سے پریشان
شاہ پور:سیوریج بلاکیج، شہری بدبو اور تعفن سے پریشان گندہ پانی کھڑا ہونے سے ہر طرف بدبو اور تعفن ،گلیوں سے گزرنا مشکل
شاہ پور صدر (نامہ نگار )محکمہ صفائی کی غفلت و لاپروائی کے باعث شاہ پور شہر کے مین بازار، ملحقہ گلیاں اور دیگر نشیبی علاقوں میں سیوریج سسٹم کی بلاکیج ہو گئی ہے ، جس کی وجہ سے گندہ پانی کھڑا ہونے سے ہر طرف بدبو اور تعفن پھیل گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کی وجہ سے بازاروں اور گلیوں سے گزرنا مشکل ہو گیا ہے ۔شہریوں نے ستھرا پنجاب اور محکمہ صفائی کے عملے کی لاپروائی پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ حکومت نے صفائی کے لیے اربوں روپے خرچ کر کے ایک نیا ادارہ قائم کیا، لیکن ستھرا پنجاب اپنے فرائض سے بالکل غافل ہے ۔ افسران کی توجہ صرف اہم شخصیات کے دفاتر اور گھروں کی صفائی پر مرکوز ہے ، جبکہ دیگر علاقوں کی صفائی پس پشت رہ گئی ہے ۔شہریوں نے مزید بتایا کہ سابق ایم این اے کے دور میں شہر کے گرد سرکلر روڈ کی نئے سرے سے تعمیر کی گئی، تاہم گندے پانی کی نکاسی کا کوئی مؤثر انتظام نہ کیا گیا، جس کی وجہ سے اطراف کی سڑکیں اونچی جبکہ مین بازار اور دیگر آبادی نشیب میں واقع ہیں۔ اسی وجہ سے نالیاں اکثر بند رہتی ہیں اور گندے پانی کی نکاسی میں روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔