4نوسرباز شہری سے ساڑھے 3لاکھ لے اڑے
عرفان احمد بینک سے نکلا تو 2افراد نے روک لیا،مزید 2 آدھمکےتلاشی لینے کے بہانے رقم اور فون لے کر کار میں فرار، مقدمہ درج
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چار نامعلوم افراد نوسربازی کے ذریعے شہری سے ساڑھے تین لاکھ روپے اینٹھ کر فرار ہو گئے ،بتایا جاتا ہے کہ ٹھٹھی نور کا رہائشی حاجی عرفا ن احمد مقامی بینک سے رقم نکلوا کر نکلا تو اسی اثناء میں دو نامعلوم افراد نے اسے گھیر لیا اور ایک بھاری رقم دکھا کر پوچھنے لگے کہ یہ آپ کی تو نہیں گری؟،اسی اثناء میں ایک تیسرا شخص بھی آ گیا جس نے کہا کہ یہ میری رقم ہے اور ساتھ ہی کہنے لگا کہ اس کے ساتھ سونے کی چین بھی تھی ، یہی بحث چل رہی تھی کہ ایک اور شخص آن دھمکا جو سب کی تلاشی لینے لگا اور مذکورہ شخص کی جیب سے ساڑھے تین لاکھ روپے نقدی و موبائل نکال لیا ، اس دوران ایک کار آ کر رکی فور اً چاروں افراد اس میں سوار ہو کر فرار ہو گئے ، اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ در ج کر لیا۔