سپورٹس جمنیزیم میں کھیلتا پنجاب پنک پروگرام کے تحت ٹرائلز
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈویژنل اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے زیرِ انتظام اسپورٹس جمنیزیم میں کھیلتا پنجاب پنک پروگرام کے تحت بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور تیر اندازی کے ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈویژن بھر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ ٹرائلز میں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
ٹرائلز کے بعد منتخب ہونے والے کھلاڑی آئندہ لاہور میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں ڈویژن کی نمائندگی کریں گے ، جہاں وہ اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کو صوبائی سطح پر منوائیں گے ۔اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس افیسر روف علی باجوا اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور نے بتایا کہ کھیلتا پنجاب پنک گیمز پروگرام کے تحت 24 جنوری تک مختلف کھیلوں کے ٹرائلز ڈسٹرکٹ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹرائلز کا مقصد نچلی سطح سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔