پیدائش، وفات، شادی و طلاق کا اندراج گھر بیٹھے ممکن :عاصم میکن

 پیدائش، وفات، شادی و طلاق کا اندراج گھر بیٹھے ممکن :عاصم میکن

لوکل گورنمنٹ اور نادرا کے اشتراک سے پاک آئی ڈی ایپ متعارف کروا دی گئی اندراج کے لیے کسی دفتر جانے کی ضرورت نہیں، اجمل منیر ،تربیتی سیشن سے خطاب

شااہ پور صدر (نامہ نگار)حکومت پنجاب شہریوں کو پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے یونین کونسل میں اندراج کے سلسلہ میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے ۔ لوکل گورنمنٹ پنجاب اور نادرا کے باہمی اشتراک سے پاک آئی ڈی ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاکسردار عاصم شیر میکن، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نادرا عرفان خٹک اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری اجمل منیر نے میونسپل کمیٹی ہال میں تحصیل شاہ پور اور ساہیوال کے یونین کونسل سیکرٹریز کے لیے منعقدہ ایک روزہ تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چوہدری اجمل منیر نے کہا کہ اب متعلقہ یونین کونسل صوبہ پنجاب میں کہیں بھی ہو، بچے کی پیدائش، خاندان میں کسی فرد کی وفات، شادی یا طلاق کے اندراج کے لیے شہریوں کو کسی دفتر جانے کی ضرورت نہیں۔ مطلوبہ دستاویزات مکمل کر کے آن لائن ایپلائی کیا جا سکتا ہے ۔ یونین کونسل کا عملہ فراہم کردہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد درخواست منظور کرے گا اور سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جسے شہری گھر بیٹھے حاصل کر کے پرنٹ بھی نکال سکیں گے ۔سی آر ایم ایس سپروائزر نادرا رانا فہد نے تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک آئی ڈی ایپ کو انتہائی آسان اور صارف دوست بنایا گیا ہے ۔ یونین کونسل کے سیکرٹری درخواستوں کو بلاوجہ مسترد نہ کریں بلکہ شہریوں کو مطلوبہ ریکارڈ کی فراہمی کے لیے میسج کے ذریعے آگاہ کریں۔ 

 

انہوں نے بتایا کہ پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے لوکل گورنمنٹ پنجاب کے اشتراک سے پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے اندراج کے علاوہ شہری ایف آر سی، فارم ب، پاسپورٹ کے لیے بائیومیٹرک، قومی شناختی کارڈ کی تجدید (رینیوئل) سمیت دیگر سہولیات کے لیے بھی آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔تربیتی سیشن میں محمد رمضان سیفی، محمد رؤف گھمن، رانا محمد عارف، ملک حق نواز، امان اللہ شاہ، سکندر حیات، مہر شریف، محمد اقبال، حق نواز بدھوڑ، محمد مرتضیٰ، رانا سبطین، رانا نذر محمد اور دیگر یونین کونسل سیکرٹریز نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں