کمشنر سے امن کمیٹی و متحدہ علماء کونسل کے وفد کی ملاقات

کمشنر سے امن کمیٹی و متحدہ علماء کونسل کے وفد کی ملاقات

امن و امان کی صورتحال، بین المسالک ہم آہنگی اور امن کمیٹی کے کردار سے آگاہ کیاتمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی ،مسائل باہمی اتفاق رائے سے حل :شوکت علی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی سے امن کمیٹی و متحدہ علماء کونسل کے وفد نے ملاقات کی اور سرگودھا میں تعیناتی پر ان کا خیرمقدم کیا۔ وفد میں قاری احمد علی ندیم، قاری وقار احمد عثمانی، امیر افضل اعوان اور میاں عبدالغفار شامل تھے ۔ کمشنر حافظ شوکت نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں علماء کرام نے کمشنر کو امن و امان کی صورتحال، بین المسالک ہم آہنگی اور امن کمیٹی کے کردار سے آگاہ کیا۔ علماء کا کہنا تھا کہ سرگودھا ڈویژن میں تمام مسالک کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور چھوٹے موٹے مسائل باہمی اتفاق رائے سے حل کر لیے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے انتظامیہ تک معاملہ پہنچنے کی نوبت نہیں آتی۔ علماء کرام نے کہا کہ پورے ڈویژن میں ان کی جماعتیں موجود ہیں اور وہ انتظامیہ کے دست و بازو بن کر کام کر رہی ہیں۔ محرم الحرام ہو یا کوئی اور حساس موقع علماء کرام اپنی خدمات انتظامیہ کے لیے وقف کر دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کمیٹی نے ہمیشہ فعال اور مثبت کردار ادا کیا ہے ،کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے علماء کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام میں علماء کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد امن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا اور علماء سے باقاعدہ مشاورت کی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک اور دیگر اہم مواقع پر علماء کرام کا کردار انتظامیہ کے لیے باعثِ تقویت ہے ۔ کمشنر نے مزید کہا کہ علماء کرام کے لیے ان کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور باہمی تعاون کے ذریعے سرگودھا ڈویژن میں امن و امان کی فضا کو مزید مضبوط کیا جائے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں